چھوٹے باتھ روم کے ڈیزائن پر اثر انداز ہونے والے عوامل

Resham Ejaz Resham Ejaz
Projekt mieszkania 76m2 w Będzinie - Namiarkowa , Ale design Grzegorz Grzywacz Ale design Grzegorz Grzywacz Modern bathroom
Loading admin actions …

اس بات پر تو سب متفق ہیں کہ جب سجاوٹ کی بات آئے تو باتھ روم گھر کا مشکل ترین حصہ ثابت ہوتا ہے۔ اور یہی باتھ روم جب چھوٹا ہو تب آپ کی تخلیقی صلاحیتوں کا درست معنوں میں امتحان شروع ہوتا ہے۔ آپ کو ہر چھوٹی سے چھوٹی چیز کا خیال رکھنا پڑتا ہے تا کہ باتھ روم تنگ یا گندا نظر نہ آئے۔ مگر ڈیزائن کے وقت کی جانے والی یہ محنت بعد میں اپنا رنگ ضرور دکھاتی ہے جب آپ ایک ایسے باتھ روم میں داخل ہوتے ہیں جو دل خوش کر دے اور جس کی دیکھ بھال بھی مشکل نہ ہو۔

آج ہم ان چند اہم سوالات کے جواب دیں گے جو اس عمل کے دوران آپ خود سے کرتے پائے جاتے ہیں۔

۱۔ کس قسم کا سامان رکھنے سے میرا باتھ روم کشادہ لگے گا؟

ہم سب جانتے ہیں کہ آئینے چھوٹی جگہوں کے بہترین دوست ہوتے ہیں جو ان میں سے تنگی کے احساس کو نکال باہر کرتے ہیں۔ تو اپنے چھوٹے باتھ روم میں جتنا ہو سکے اتنا بڑا آئینہ لگائیں کہ یہ روشنی منعکس کر کے کمرے کو کشادہ دکھائے گا۔ شاور کے پردے ہلکے رنگوں کے رکھیں یا اس بھی بہتر یہ ہو گا کہ آپ شاور والے حصے کے گرد شفاف شیشے کی دیواریں اور سرکنے والا دروازہ لگوا لیں۔ اس سے شاور کا حصہ بھی الگ ہو جائے گا اور کمرے کے ظاہری سائز پر بھی کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اس کے علاوہ کوشش کریں کہ باتھ ٹب اور شاور میں سے صرف ایک چیز باتھ روم میں رکھیں۔ بلاوجہ سامان بڑھانے سے گریز کریں۔

۲۔ چھوٹے باتھ روم کے لیے کون سے رنگ بہترین ہیں؟

دھیمے رنگ کسی بھی جگہ کو روشن کرتے ہوئے اسے بڑا دکھاتے ہیں تو ظاہر ہے کہ ایک چھوٹے باتھ روم کے لیے یہ بہترین ہیں۔ ہلکا نیلا رنگ باتھ روم کے لیے سب سے پسندیدہ سمجھا جاتا ہے مگر اس کے علاوہ ہلکا سبز اور گلابی رنگ بھی خاصے مقبول ہیں۔ اگر آپ سفید رنگ استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اس کے ساتھ کوئی گہرا رنگ بھی ضرور استعمال کریں کہ یہ مجموعہ جگہ کو گہرائی عطا کرے گا۔ ایک سادہ ڈیزائن والی مرکزی دیوار بھی اچھا خیال ہے۔

۳۔ چھوٹے باتھ روم میں سامان کیسے سمیٹا جائے؟

باتھ روم چھوٹا ہو یا بڑا، سامان تو تقریبا ایک جتنا ہی ہوتا ہے۔ چھوٹے باتھ روم میں آپ کو اس سارے سامان کو ہوشیاری سے اس طرح سمیٹنا ہوتا ہے کہ سب کچھ ہوتے ہوئے بھی کچھ زیادہ نظر نہ آئے اور باتھ روم بوجھل نہ لگے۔ آپ کو کوشش کرنی چاہیے کہ زمین پر کچھ نہ رکھیں تا کہ چلنے پھرنے کی جگہ بچی رہے۔ اس کے بجائے دیواروں میں شیلف نصب کروائیں یا تعمیر کے دوران طاق بنوائیں اور روز مرہ ضرورت کا سامان جیسا کہ تولیے وغیرہ ان میں رکھیں۔ میک اپ، ٹوتھ برش اور دیگر چھوٹی موٹی اشیا سمیٹنے کے لیے آرڈر پر بنوائی گئی درازیں بہترین ہیں۔ سنک کے نیچے والی جگہ پر یہ درازیں لگوائیں۔

۴۔ روشنیاں کس قسم کی ہوں؟

مت بھولیں کہ چھوٹے باتھ روم کو کشادہ اور روشن دکھانے میں قدرتی روشنی بڑا کردار ادا کرتی ہے۔ تو باتھ روم میں بڑی کھڑکیاں یا شیشے کے دروازے لگانا اچھا ہے جنہیں بوقت ضرورت پردوں سے ڈھکا جا سکے۔ اس کے علاوہ شام کے وقت استعمال کے لیے مصنوعی روشنیوں کی اچھی مقدار لگائیں اور ہو سکے تو انہیں اتنا حسین بنائیں کہ جب یہ روشن ہوں تو ان پر سے نظر ہٹانا مشکل ہو، یوں کسی کا بھی باتھ روم کے سائز کی جانب دھیان نہیں جائے گا۔

۵۔ چھوٹے باتھ روم کی سجاوٹ کیسے کی جانی چاہیے؟

ایک چھوٹے باتھ روم کو جتنا ہو سکے اتنا سادہ رکھیں۔ یاد رکھیں کہ کوئی بھی شے سادگی سے بڑھ کر کشش نہیں رکھتی۔ تو باتھ روم کو بلا وجہ سامان سے بھرنے کس بجائےاپنی ضروریات پر توجہ مرکوز رکھیں اور انہیں احسن طریقے سے ڈیزائن میں فٹ کرنے کی کوشش کریں۔ اس کے بعد اگر آپ کوئی فالتو سجاوٹ چاہیں تو ایک گلدان میں چند پھول سجا لیں یا دیوار پر چند فن پارے لگائیں۔ مگر دھیان رہے کہ باتھ روم میں استعمال ہونے والا تمام سامان نمی کا مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتا ہو۔

۶۔ چھوٹے باتھ روم کی دیکھ بھال کیسے کی جائے؟

صفائی! جی ہاں، ایک چھوٹے باتھ روم کو تروتازہ رکھنے کا آسان ترین طریقہ اسے صاف رکھنا ہی ہے۔ کیوں کہ چھوٹے باتھ روم میں عموما ہر چیز رکھنے کی اپنی الگ جگہ بنی ہوتی ہے تو ان چیزوں کو استعمال کے بعد لازما اپنی جگہ پر واپس پہنچ جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ باتھ روم کی ہفتہ وار صفائی کو بھی یقینی بنائیں۔ ہر چند دن بعد گلدان میں رکھے پھول بدلیں۔ باتھ روم کی ٹائلوں کو ہمہ وقت چمکتا دمکتا رکھیں۔ دھلنے والے کپڑے کسی صورت فرش پر نہ پھینکیں بلکہ ان کے لیے مختص ٹوکری میں ڈالیں۔ 

امید کرتے ہیں کہ ان تجاویز پر عمل کرنے کے بعد آپ گھر آنے والے تمام مہمانوں کو اپنے باتھ روم کا دلدادہ پائیں گے۔ اگر وہ آپ کی صلاحیتوں سے اتنے متاثر ہو جائیں کہ سوال در سوال کر کے آپ کو پریشانی میں ڈال دیں تو آپ کو چاہیے کہ ایک گہری سانس لیں اور انہیں ہومی فائی کا راستہ دکھائیں، باقی کا مسئلہ حل کرنا ہمارے ذمہ ہے۔ 

کچھ مزید تجاویز کے لیے دیکھیے: جدید باتھ روم بنانے کے راز جن کا جاننا آپ کے لیے لازمی ہے۔

Need help with your home project?
Get in touch!

Highlights from our magazine