دھیمے رنگوں اور لکڑی سے سجا ایک حسین گھر

Resham Ejaz Resham Ejaz
homify Modern living room
Loading admin actions …

آئیے ہمارے ساتھ ایک ایسے گھر کے سفر پر چلیے جو آپ کو اپنا گرویدہ بنانے کے لیے بے چین ہے۔

لاؤنج

اس گھر کا لاؤنج دل موہ لینے کی حد تک پرکشش ہے۔ کریم رنگ کا فرنیچر آرام دہ ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے ہلکے رنگ کے باعث  جگہ گھیرنے کے بجائے اس میں گھل مل جاتا ہے۔دیوار پر لکڑی اور اس پر ایک دلچسپ فن پارہ دیکھا جا سکتا ہے۔ فرش پر بچھا دبیز قالین اور اس پر رکھی گئی لکڑی کی نمائش کرتی میز  اپنی جگہ لاجواب ہیں۔

دوسرا رخ

اس رخ سے کمرے کی دلکش ڈیزائن والی لکڑی سے سجی چھت اور مرکزی دیوار دیکھی جا سکتی ہے۔ ٹی وی والی دیوار میں ہلکے اور گہرے رنگ کی مماثلت  برقرار رکھتے ہوئے لکڑی کے تختوں کے درمیان بناوٹی  تہہ لگائی گئی ہے جس کے سامنے رکھا ٹیلیوژن سٹینڈ انوکھا ہے جس میں بنے طاقوں کے اندر خوبصورت آرئشی ٹکڑے رکھے گئے ہیں۔ کمرے کی پچھلی دیوار میں لگے دروازے پر آئینے لگے ہیں۔

گیلری

یہاں ایک دیوار پر خاندان بھر کی تصاویر یادوں کی صورت سجی ہیں تو  دوسری پر منفرد شیلف اور اس میں رکھے حسین آرائشی ٹکڑے دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس حصے میں بھی کرسیاں رکھ کر چائے سے لطف اندوز ہونے کی جگہ بنائی گئی ہے۔  اس رخ سے کچن کا سامنے والا کاؤنٹر بھی دیکھا جا سکتا ہے جہاں ناشتہ کرنے کے لیے خوبصورت اسٹول رکھے ہیں۔

گھر میں بنا آفس

نہ صرف اس کمرے میں بیٹھ کرآفس کا کام مکمل کیا جا سکتا ہے بلکہ اس بڑے سے سوفے پر دراز ہو کر اپنی پسندیدہ کتاب کا مطالعہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ سوفے کے بالکل اوپر بنا لیمپ خاص اسی مقصد کے لیے لگا ہے۔  خوبصورت شیلف میں رنگا رنگ کتابیں سجی ہیں جبکہ الماریوں اور درازوں کی صورت میں سامان رکھنے کی وافر جگہ موجود ہے۔

کھانے کا کمرہ

کھانے کے کمرے کو بھی سجاوٹ کے اعتبار سے کسی صورت پیچھے نہیں چھوڑا گيا ہے۔  ایک دیوار پر لگا عمودی لکیروں والا وال پیپر اور دوسری پر سجے پردے اسے اونچا دکھاتے ہیں۔  تیسری دیوار پر نہ صرف ضروری سامان کے لیے نیچی الماریاں بنی ہیں بلکہ ایک خوبصورت فن پارہ لگا کر اسے مزید دلچسپ بنایا گیا ہے۔ گھر کے تھیم کا خیال رکھتے ہوئے لکڑی سے بنی ، کریم رنگ سے سجی میز کرسیاں رکھی گئی ہیں۔

کچن

لمبائی میں ڈیزائن کیے گئے اس کچن میں ضرورت کی ہر شے موجود ہے۔ درازوں اور الماریوں سے بھرے اس کچن میں ضرورت کا تمام سامان رکھنے کی جگہ موجود ہے۔ چوکور ڈیزائن والی ٹائلوں سے سجی دیواروں پر لگی الماریوں کے دروازے شیشے کے ہیں تا کہ انہیں کھولے بغیر ہی ان میں اپنی ضرورت کی شے تلاش کی جا سکے۔

پہلی خواب گاہ

گہرے رنگ کی لکڑی اور ہلکے رنگ کی دیواروں کے خوبصورت امتزاج سے بنی یہ خواب گاہ اپنی مثال آپ ہے۔ باقا‏عدہ سنگھار میز رکھنے کے بجائے  لکڑی کا انوکھا شیلف رکھا گیا ہے جس میں بڑا سا آئینہ لگا ہے۔ فرش سے چھت تک بنی الماریوں میں سامان رکھنے کی بے تحاشا جگہ موجود ہےجبکہ خوبصورت ڈیزائن کی چھت نے تو اپنے حسن سے میدان ہی لوٹ لیا ہے۔

دوسری خواب گاہ

دوسری خواب گاہ کو اس کے مالک کی پسند کے مطابق ہلکے جامنی اور سفید رنگ کے دلکش امتزاج سے سجایا گیا ہے۔ بستر کے ایک جانب بنی بڑی سے الماری کے دروازوں پر لگے آئینے کمرے کو مزید کشادہ بناتے ہیں۔ بستر کی پچھلی دیوار پر کتابیں اور آرائشی ٹکڑے رکھنے کے لیے خوبصورت شیلف  لگائے گئے ہیں۔

مزید دیکھیے: ایک خاندان کے لیے بنایا گیا وسیع گھر۔

Need help with your home project?
Get in touch!

Highlights from our magazine